سائنس دنیا کی تباہی کے بجائے امن کا ذریعہ بننا چاہئے، ڈاکٹر مختار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ سائنس کو دنیا کی تباہی کے بجائے امن و ترقی کا ذریعہ بننا چاہئے۔
دنیا میں قیام امن، ترقی و خوشحالی لانے کیلئے ایجوکیشن ڈپلومیسی بھی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقدہ ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کی تین روزہ سالانہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ کووڈ 19وبا کے بعد دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آن لائن ایجوکیشن کے ذریعے تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم اب فیس ٹو فیس ایجوکیشن کا متبادل نظام بن گیا ہے تاہم فاصلاتی نظام کو چند چیلنجز کا بھی سامنا ہے جنہیں فاصلاتی نظام کے ماہرین مل کر حل کرسکتے ہیں۔