اوورسیز کشمیری مسئلہ کشمیر جارحانہ انداز میں اٹھائیں، صدر آزاد کشمیر
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اٹھانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019کے بعد سے اب تک بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں اور وہ ان تبدیلیوں کی آڑ میں مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ لہذا اس سلسلے میں پوری دنیا میں آباد کشمیری مسئلہ کشمیرکے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بند کرانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دیں۔ بھارت یہ جان لے کہ کشمیری استصواب رائے کے علاوہ کسی چیز پر بھی سمجھو تا نہیں کریں گے۔ برطانیہ میں آباد کشمیری برطانوی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریشہ دوانیوں کو ختم کرانے کیلئے آواز اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں برطانیہ کے شہر لوٹن کی سٹی کونسل کے کونسلر ظہور احمد سے ملاقات میں کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود نے مزید کہا کہ برطانیہ میں کشمیریوں کی ایک بہت بڑی تعداد آباد ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری وہاں کی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر پر اپنی آواز بلند کریں گے۔