پمز:سینئر ڈاکٹرز کی درخواست کا سینیٹ سیکرٹریٹ کو جواب ارسال
اسلام آباد( ایس ایم زمان)ایگزیکٹو ڈائریکٹرپمز ڈاکٹرعمران سکندر نے چھ سینئر ڈاکٹرز کی دی گئی درخواست کے جواب میں ہسپتال کے چھ سینئر ڈاکٹر ز سے متعلق رپورٹ سینیٹ سیکرٹریٹ اور وزارت قومی صحت کوبھجوا دی۔
رپورٹ میں ڈاکٹرز کومختلف بے ضابطگیوں اور قواعدکی خلاف ورزیوں میںملوث قراردیا گیا۔ ان میں سینئر رجسٹرار وکنسلٹنٹ چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد طارق، اسسٹنٹ پروفیسر سرجری محمد فہیم احسن، ایسوسی ایٹ پروفیسر وشعبہ گیسٹرولوجی کے سربراہ ڈاکٹر مشہود علی، پروفیسر ڈاکٹر شفات خاتون ، ڈاکٹر ضیااللہ احسان کاکڑ، اسسٹنٹ پروفیسر حافظ سلطان محمود شامل ہیں، ڈاکٹرز نے سینیٹ قائمہ کمیٹی صحت کودرخواست دی تھی جس میں ای ڈی پمز ڈاکٹر رانا عمران سکندر پر امتیازی سلوک، اختیارات کے ناجائز استعمال ،اقربا پروری، دبائوسمیت مختلف الزامات عائد کیے گئے ۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر مشہودکی درخواست پر تحقیقاتی کمیٹی نے مذکورہ الزامات کو بے بنیاد قراردیا، ڈاکٹر حافظ سلطان کو پوسٹ گریجویٹ ، گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹرز کے داخلہ میں کرپشن اور رشوت کے الزامات ثابت نہ کرسکنے پر محکمانہ کارروائی کاسامنا ہے ، ڈاکٹر ضیا الحق کاکڑ کی ڈیپوٹیشن مدت 3جولائی 2024کومکمل ہوچکی اور ان کی خدمات بلوچستان حکومت کو واپس کرنے کیلئے وزارت صحت کو معاملہ بھجوادیاگیا، ڈاکٹر طارق کے خلاف سرکاری دو مکانات رکھنے پر محکمانہ کارروائی جاری ہے ، پروفیسر ڈاکٹر شفات خاتون کو ڈیوٹی پر تاخیر سے آنے پر نوٹس جاری کیاگیاہے ۔ ای ڈی پمز نے رپورٹ میں کہا مذکورہ ثبوت کی بنیاد پر شکایت ختم کی جائے ۔