راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں آئندہ ماہ لو کل زکوٰۃ کمیٹیاں بنیں گی
راولپنڈی (خاورنوازراجہ) آ ئندہ ماہ دسمبر میں راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کی لو کل زکوٰۃ کمیٹیوں کی تشکیل کی جائے گی ، ایم این ایز، ایم پی ایز اپنی مرضی کے چیئر مینوں کی تعیناتی کے لیے متحرک ہو گئے ۔
نگران حکومت نے فروری 2023میں زکوٰ ۃ کمیٹیاں تحلیل کردی تھیں ، راولپنڈی ضلع کی 1166 زکوٰۃ کمیٹیاں ہیں جن کے چیئرمین ایم این ایز اورایم پی ایز کی مشاورت سے لگائے جا تے ہیں ، صوبائی حکومت نے پنجاب زکوٰۃ کونسل تشکیل دے دی ہے جبکہ دسمبر میں ضلعی چیئرمین تعینات کیے جائیں گے جو لو کل کمیٹیاں تشکیل دیں گے ۔ اس حوالے سے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ و عشر احتشام الحق نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر ضلعی سطح پر زکوٰۃ ایڈمنسٹریٹر کے طورپر کام کررہے ہیں ،حکومت کی جانب سے ضلعی چیئرمینوں کی تعیناتی کے بعد لو کل کمیٹیوں کی تشکیل کی جائے گی تاہم مستحقین کوبدستور پیسے مل رہے ہیں ۔