نیکٹا کے اشتراک سے راولپنڈی آرٹس کونسل میں مصوری نمائش
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم اتھارٹی کے اشتراک سے 5ویں سالانہ نیکٹا امن مصوری مقابلہ جات میں موصول شدہ پینٹنگز اور پوسٹر کے نتائج ترتیب دینے کیلئے دو روزہ مصوری نمائش منعقد کی گئی۔
مقابلہ جات مئی میں منعقد ہوئے جن میں ملک بھر سے مصوروں نے حصہ لیتے ہوئے اپنے تخلیق شدہ شاہکار نیکٹا میں جمع کروائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیکٹا کمیونیکیشنز اینڈ آؤٹ ریچ صالحہ ذاکر شاہ نے کہا کہ تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے تخریبی سوچ اور عناصر کا قلع قمع کیا جاسکتا ہے۔ ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس راولپنڈی ڈویژن سجاد حسین نے کہا کہ عدم برداشت اور شدت پسندی کے رویوں کا سدباب کرنے کیلئے متبادل بیانیہ فروغ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے نیکٹا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ مستقبل میں بھی پنجاب کونسل آف آرٹس راولپنڈی شدت پسندی کا تدارک کرنے کیلئے تعاون کرتی رہے گی۔