برفباری سیزن کیلئے ٹریفک پلان جاری،200اہلکار تعینات
مری (نمائندہ دنیا) سٹی ٹریفک پولیس مری نے برفباری سیزن کیلئے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا، چیف ٹریفک آفیسر مری مغیث احمد ہاشمی نے میڈیا کو بتایا کہ مری میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی، 200سے زائد ٹریفک اہلکار تعینات کر دیئے ہیں۔
تمام داخلی راستوں پر بیریئر، بینرز اور پمفلٹ کے ذریعے سیاحوں کو رہنمائی دی جائے گی، دوران برفباری راولپنڈی، اسلام آباد سے تمام ٹریفک بذریعہ ایکسپریس وے اور RMKجی ٹی روڈ سے آجاسکے۔ ویوفورتھ روڈ، بینک روڈ، ہال روڈ، کلڈنہ روڈ، امتیاز شہید روڈ کو ون وے کر دیا گیا ہے۔ مال روڈ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہے گا، حبیب بینک، جی پی او چوک کے سامنے یا اس کے گردونواح میں ہر قسم کی پارکنگ پر مکمل پابندی ہو گی، مری میں بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند رہے گا۔ سنی بینک کے مقام پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کا رابطہ نمبر 0519269200ہے۔