جناح ایونیو انٹرچینج رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا، رندھاوا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے کے زیرتعمیر، فلائی اوور، برج اور روڈ انفراسٹرکچر سمیت مختلف تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔۔۔
انہوں نے کہا منصوبہ کو رواں ماہ مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، منصوبے کے اطراف بیوٹیفکیشن کے کام کو جلد پایہ تکمیل پہنچایا جائے۔ دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں سیکٹر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹر C-14کے ترقیاتی کام مقررہ مدت سے قبل مکمل کیے جائیں، سیکٹر C-14میں الاٹ کئے گئے پلاٹوں کی آخری قسط کی ادائیگی کے ساتھ ہی پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے، سیکٹر C-14میں سٹیٹ آف دی آرٹ سولر لائٹس کی تنصیب کے آپشنز پر غور کیا جائے۔ اجلاس میں سیکٹر E-12کے ترقیاتی کام کا بھی جائزہ لیا گیا، انہیں بتایا گیا کہ سیکٹر I-12میں ترقیاتی کام تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔