عید کی چھٹیاں شہریوں کا تفریحی مقامات کا رخ،ہلہ گلہ،ون ویلنگ

عید کی چھٹیاں شہریوں کا تفریحی مقامات کا رخ،ہلہ گلہ،ون ویلنگ

اسلام آباد (ماہتاب بشیر) عید الفطر کی تعطیلات میں شہریوں کی کثیر تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کیا اور اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی تعطیلات گزاریں۔۔۔

 اس موقع پر دامن کوہ، لیک ویو پارک، ایف نائن فاطمہ جناح پارک، شکر پڑیاں ، شاہ اللہ دتہ، شاہدرہ میں رش رہا، شاہرات پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا تانتا بندھا رہا، خوب ہلہ گلہ رہا اور ون ویلنگ بھی کی جا تی رہی ،اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوانوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے فاطمہ جناح پارک اور لیک ویو پارک کو عید الفطر کے ایام میں فیملی پارکس ڈیکلیئرکر دیا گیا تھا تاکہ ہلڑ بازی کا تدارک کیا جا سکے ، تفریحی مقامات پر کھانے پینے کی ا شیا فروخت کرنے والوں کی چاندی رہی، ، شہریوں کا کہنا تھا کہ بچوں کے کھانے پینے کی اشیادوگنی قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ بچوں نے جھولوں سے لطف اٹھایا جبکہ چھوٹے بڑوں نے سیروتفریح کے ساتھ ساتھ مزیدار کھانوں، آئس کریم اور دیگر فاسٹ فوڈز پر خوب ہاتھ صاف کیے ۔شہریوں نے خوب دعوتیں بھی اڑائیں اور فیملیز کے ہمراہ اپنے عزیزواقارب کے ساتھ عیدملن پارٹیاں کیں۔  عید تعطیلات کے آخری روز بھی تفریحی مقامات پر فیملیز کا ہجوم رہا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں