انڈیا میں اقلیتوں کی زندگی ،عزت ، جائیداد غیر محفوظ:عبداللہ گل
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) چیئرمین تحریک جوانان محمد عبداللہ گل نے کہا انڈیا میں مسلمانوں سمیت کسی بھی اقلیت کی زندگی، عزت، جائیداد محفوظ نہیں، انہوں نے انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے بیان کی مذمت کی جس میں اس نے اورنگزیب عالمگیر کا مقبرہ گرانے کا ذکر کیا۔
ان کا کہنا تھا اپنے آپ کو نام نہاد سیکولر سٹیٹ کہلوانے والوں کی نیتوں کو دنیا کو پتا لگ چکا کہ انڈیا میں اقلیتی برادریوں کی زندگیاں اور جائیدادیں خطرے میں ہیں۔ ہندو پہلے بابری مسجد گرا چکے اور اب اورنگزیب کا مقبرہ گرانے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر مہاراشٹر سرکار نے اپنے ارادے نہ بدلے تو وہاں ہندو مسلم فسادات بڑے پیمانے پر پھوٹ پڑیں گے۔ عبداللہ گل نے جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ مغل شہنشاہ کے وارث پرنس حبیب الدین کی یو این میں اپیل سن کر جلد فیصلہ دیا جائے۔ انہوںنے محکمہ خارجہ سے اپیل کی کہ بھارت میں مسلم تاریخی ورثے کی حفاظت کیلئے حکمت عملی بنائے۔