پاکستان سے تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتے:سفیر ترک شمالی قبرص
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی سفیر دلشاد سینول نے کہا ترک جمہوریہ شمالی قبرص پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر انہوں نے زراعت، تعمیرات، سیاحت، تعلیم، ڈیری اور سٹرس فروٹ کے شعبے ممکنہ تعاون کیلئے موزوں قرار دیئے۔ صدر چیمبر عثمان شوکت سے ملاقات میں پاکستان اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان شوکت نے تجارت کے فروغ اور غیر روایتی شعبوں جیسے دواسازی، ماربل، قیمتی پتھر، حلال گوشت اور سیاحت میں ممکنہ مواقع تلاش کرنے کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ سفیر نے بتایا TRNCکی یونیورسٹیوں میں 3000سے زائد پاکستانی طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔