مسیحی برادری اپنی بہادرا فواج کیساتھ، پاکستان مینارٹی فورم

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاکستان کی مسیحی برادری اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مینارٹی فورم کے چیئرمین چودھری اشرف فرزند نے افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ہونیوالی واک میں کیا۔
پاکستان مینارٹی فورم اور پاک کرسچن بزنس فورم کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے پاکستان میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کے شرکا نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک افواج کے حق میں نعرے لگائے۔ چودھری اشرف فرزند نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، پاک فضائیہ کے ان افسران کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ 1965اور 1971کی جنگ کے پاک فضائیہ کے ہیرو گروپ کیپٹن سیسل چودھری، مارون لیزلی اورنذیر لطیف کی طرح آج بھی مسیحی پائلٹس گروپ کیپٹن کامران بشیر، کرنل شمائل مورس و دیگر دفاع پاکستان میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مسیحی پائلٹ کامران بشیر کو کامیابی سے بھارتی راجوری ایئربیس کو تباہ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔