ریلوے راولپنڈی کی 33دکانوں کو ایل ای ڈی بورڈ لگانے کی ہدایت

راولپنڈی (خاورنوازراجہ)ریلوے راولپنڈی انتظامیہ نے راولپنڈی سٹیشن سے متصل 33 دکانوں کو سائن بورڈ آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ فی کس 32 ہزارروپے دینے کے احکامات جاری کرد ئیے جبکہ انہیں سائن بورڈ کی مد میں سالانہ 15 ہزارروپے ٹیکس دینے کا بھی کہا گیا ہے ۔
دکانداروں کی جانب سے از خود سائن بورڈ بنا کر لگانے کی پیشکش کو ریلوے انتظامیہ نے مستردکرتے ہوئے سائن بورڈ نہ بنوانے والوں کی دکانیں سیل کرنے کی دھمکی دے دی ۔ بتایا گیاہے کہ ریلوے راولپنڈی کے شعبہ آئی ڈبلیو او نے ریلوے سٹیشن سے پوڑی پل تک 33دکانیں کرایہ پر دے رکھی ہیں ، گزشتہ روز ان دکانوں کے باہر تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی کیاگیا اور دکانداروں کو بتایا گیا کہ وفاقی وزیر ریلوے نے ہدایت کی ہے کہ تمام دکانوں پر ایل ای ڈی بورڈ لگا ئے جا ئیں اور یہ ریلوے کی طرف سے لگا ئے جا ئیں گے جس کیلئے فی دکان 32 ہزارروپے الگ سے لیے جا ئیں گے ۔ دکانداروں نے کہا وہ ازخود آپ کے ڈیزائن کردہ سائن بورڈ آویزاں کرینگے جس پر ریلوے انتظامیہ نے جواب دیاکہ جو نہیں بنوائے گا اس کی دکان سیل کردی جائے گی ۔ دکانداروں نے وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ہٹ دھرمی کا نوٹس لیں ۔اس حوالے سے ڈی ای این ون سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔