پاک افواج نے جرات، فتح کیساتھ قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا : چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)پوری قوم متحد اور اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا تاکہ آئندہ کوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ کرے، محمد علی رندھاوا کا سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام شہدائے بنیان مرصوص کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے کہا جب بھی پاکستانی قوم پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح مضبوط اور متحد ہو جاتی ہے ، دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوئی اور دشمن کے ناپاک ارادے خاک میں ملا دئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے اپنی بہادری، جرأ ت اور فتح کے ساتھ پوری پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔ اپنے پیارے وطن پاکستان کی سلامتی، عزت اور وقار پر آئندہ بھی کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے ان شہدا کو جنہوں نے راہ حق میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا آ ج ایف نائن پارک اور پاکستان مونومنٹ جاکر شہدا کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرائیں گے ۔ پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہوچکی ہے ، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ،تقریب کے اختتام پر شہدائے پاکستان اور سی ڈی اے کے وفات پانے والے ملازمین کی مغفرت اور بلند درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ علاوہ ازیں چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر انجینئرنگ نفاست رضا کے ہمراہ پاک سیکر ٹریٹ کے ملازمین اور وزٹرز کے پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مختص کردہ پارکنگ ایریا میں جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورہ کیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے مشینری پول آرگنائزیشن کو ہدایت کی کہ وہ اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اپنی کوششیں مزید تیز کرے۔ دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کو اعلیٰ معیار اور کوالٹی کے ساتھ مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔