سی ایس ایس امتحان کیلئے عمر کی حد 35سال کرنے کا خیرمقدم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی کی جانب سے سی ایس ایس امتحان کیلئے عمر کی حد 30سے بڑھا کر 35سال اور مواقع تین سے پانچ کرنے کی قرارداد کا ملک بھر کے نوجوانوں، ماہرین تعلیم، سابق بیوروکریٹس، طلبہ تنظیموں اور سول سوسائٹی نے خیر مقدم کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام سول سروس تک رسائی کو زیادہ شفاف اور منصفانہ بنائے گا۔ طلبا تنظیموں نے اسے \"نوجوان دوست پالیسی\"کا نام دیا ہے۔ جامعات میں سی ایس ایس کی تیاری کرنے والے طلبا و طالبات کا کہنا ہے کہ یہ قرارداد ان کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے، گزشتہ روز پارلیمنٹ میں نوجوانوں کے ایک وفد نے ایم این اے ملک بشیر اعوان اور رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار سے ملاقات کی اور اس قرارداد کی منظوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی طلبہ اور ماہرین نے بھی اس قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس حوالے سے دنیا سے بات کرتے ہوئے قائداعظم یونیورسٹی، امریکن سٹڈی سینٹر کے پرو فیسر ڈاکٹر طاہر جمیل کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایک قابل تحسین عمل ہے بلکہ میرے نزدیک مزید تو سیع کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس اکیڈمیز کو فی الفور بند کرانا ایک اچھا اقدام ہو گا کیونکہ یہ اکیڈمیز نظام میں بہتری کے بجائے رکاوٹوں کا باعث بنتی ہیں۔