پینا فلیکس اور پلاسٹک بینرز بتدریج ختم ، ماحول دوست ڈیجیٹل تشہیر کا فیصلہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس میں اسلام آباد میں متعارف کئے گئے ڈیجیٹل بورڈز اور سٹریمرز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں پلاسٹک بل بورڈز، پینا فلیکس اور پلاسٹک بینرز کے ذریعے اشتہارات بتدریج ختم کرنے اور ان کی جگہ ماحول دوست، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیجیٹل سٹریمرز کے ذریعے تشہیر اور اشتہارات کا فیصلہ کیا گیا جس سے نہ صرف اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ جگہوں پر نمایاں تشہیر/اشتہارات نشر کئے جاسکیں گے ۔ ڈیجیٹل تھری ڈی اشتہارات کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل اشتہارات مزید مرکزی شاہراہوں پر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محمد علی رندھاوا نے میٹرو اور الیکٹرک بس سٹیشنز پر ڈیجیٹلائزڈ سکرینز متعارف کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے رہائشی و کمرشل عمارتوں پر وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی اور کہا ڈی ایم اے شہر کی تمام شاہراہوں، انڈر پاسز اور فلائی اوورز کی وال چاکنگ کے حوالے سے مکمل مانیٹرنگ کا نظام وضع کرے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بروقت قانون کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کو خوبصورت اور ڈیجیٹلائزڈ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔