ون پیشنٹ ون آ ئی ڈی منصوبہ وزارت صحت کو دینے کا مطالبہ
اسلام آباد (ایس ایم زمان ) وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ہسپتالوں میں ون پیشنٹ ون آئی ڈی منصوبہ کا فیصلہ کرنے کامعاملہ اے پی سی سی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے ،وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے منصوبہ کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ساڑھے نو کروڑ روپے کا بجٹ طلب کیا ہے۔
وزارت قومی صحت نے مذکورہ منصوبہ مکمل کرنے کے لیے اسے وزارت قومی صحت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے مذکورہ منصوبہ کو 30جون 2025تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ، وزارت آ ئی ٹی کے مطابق منصوبہ کے تحت پمز ہسپتال ، کارڈیک سینٹر، ایم سی ایچ سینٹر، چلڈرن ہسپتال، برن سینٹر کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے ، تاہم پولی کلینک، فیڈرل جنرل ہسپتال، سی ڈی اے ہسپتال ، نرم اور فیڈرل کے بنیادی مراکز صحت کو ون پیشنٹ ون آئی ڈی پر لانا ہے ، وزارت قومی صحت نے مذکورہ منصوبہ کو وزارت قومی صحت کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن مذکورہ منصوبہ اپنے زیر انتظام مکمل کرنے کی خواہاں ہے ۔ وفاقی حکومت نے مذکورہ منصوبہ کو جاری رکھنے یا بند کرنے کے حوالے سے معاملے کو اے پی سی سی کو بھجوا دیا ہے ۔