پاک سیکرٹریٹ کی اپ گریڈیشن سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں:چیئرمین سی ڈی اے

پاک سیکرٹریٹ کی اپ گریڈیشن سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں:چیئرمین سی ڈی اے

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے کے افتتاح سے قبل بیوٹیفکیشن اور شجرکاری کا کام جلد مکمل کیا جائے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے اطراف لینڈ سکیپنگ کا کام شروع کردیا گیا ہے اور مری روڈ انڈر پاس کے اطراف اربن فاریسٹ بھی بنایا جائے گا ۔ فیض آباد انٹرچینج منصوبے کی توسیع کیلئے ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے اور جلد ہی تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ اجلاس میں شاہین چوک میں انڈر پاس کیلئے ڈیزائن کا کام جلد مکمل کرنے اور نیشنل پولیس اکیڈمی، پاک سیکرٹریٹ کی اپ گریڈیشن کے کام کا جلد آغاز کرنیکی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مارگلہ روڈ، مری روڈ، فیصل ایونیو اور ڈپلومیٹک انکلیو میں مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنانے کیلئے ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ڈپلومیٹک انکلیو میں بین الاقوامی طرز کے شاپنگ سینٹر کے قیام کے حوالے سے ورکنگ کی جائے ۔

ڈپلومیٹک انکلیو کے داخلی اور خارجی دروازوں پر جدید اور خوبصورت ڈیزائن بنائے جائیں جن کے ذ ریعے پاکستانی ثقافت و کلچر کو نمایاں کیا جاسکے ۔ اسی طرح انہوں نے گندھارا سٹیزن کلب کو آپریشنل اور سپورٹس ایرنا کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پی ڈبلیو ڈی سے ٹرانسفر کئے گئے پراجیکٹس کی الگ سے فہرست اور انکی فیز یکل اور مالیاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چیئرمین نے ہدایت کی کہ سیکٹر سی چودہ میں ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سی پندرہ کے ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جا ئے اور سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پردور کیا جا ئے ۔دریں اثنا چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈے کیئر سینٹر قا ئم کر دیا گیا ہے ، اس سہولت کا مقصد بچوں کی جامع نشوونما اور بہبود کو یقینی بنانا ہے ۔ محمد علی رندھاوا نے ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح کیا ۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کا ڈے کیئر سینٹر کام کرنے والے والدین خصوصاً خواتین ملازمین کیلئے ایک اہم اور بہترین سہولت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں