موٹرویز پر ایئرایمبولینس سروس کا جلد آغاز کیا جائے، عبد العلیم خان
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹروے پولیس میں اصلاحات لانے کے لئے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں گاڑیوں کی فٹنس، ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور ٹریفک کے نظام سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی ہے کہ قومی شاہراہوں پر ایئر ایمبولنس سروس کا جلد آغاز یقینی بنا یا جا ئے ، موٹرویز پر ٹراما سینٹرز کے قیام کے لئے بھی تجاویز مرتب کی جائیں۔ موٹروے پولیس کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرتے ہوئے کنٹرول روم بنانے کی ضرورت ہے اور اس فورس کے لئے بہترین افسران کا انتخاب عمل میں لایا جائے ۔ انہوں نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لئے بھی بین الاقوامی معیار کے اداروں سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ نا اہل اور میرٹ پر پورا نہ اترنے والے افسران کی ادارے میں جگہ نہیں ہونی چاہیے، دریں اثنا نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات پر بابوسرٹاپ شاہراہ ٹریفک کے لئے قبل از وقت کھول دی ہے، یہ راستہ جولائی میں کھلتا تھا جسے اس سال ایک ماہ پہلے ہی کھول دیا گیا ہے۔