عید صفائی:آلائشوں کی تلفی کیلئے2لاکھ تھیلے تقسیم کرنے کا فیصلہ:چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اجلاس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباداور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ۔۔
جس میں عیدالاضحی 2025کے موقع پر مویشی منڈیوں، سکیورٹی کے اقدامات اور صفائی کے مناسب انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کے سینی ٹیشن ڈیپارٹمنٹ، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ، آئی سی ٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن کے تعاون سے ایک جامع صفائی مہم چلائیں گے جس میں جانوروں کی آلائشوں کی مناسب تلفی کیلئے 200,000بائیوڈی گریڈیبل تھیلے تقسیم کیے جائیں گے۔ سیف سٹی ہیڈکوارٹرز میں ایک کنٹرول روم عید کی چھٹیوں کے دوران آپریشنز کی نگرانی کرے گا۔ آئی سی ٹی پولیس عیدگاہوں، مارکیٹوں اور عوامی پارکوں میں سکیورٹی کو مزید بہتر بنائے گی۔ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مویشی منڈیوں میں مفت ویٹرنری کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ایک جامع سکیورٹی اور ٹریفک پلان بنایا اور نافذ کیا جائے گا، اہم عوامی مقامات اور مارکیٹوں میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی جائے گی۔ بڑے تجارتی مراکز پر پولیس ہیلپ ڈیسک قائم کئے جائیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے عید کی چھٹیوں کے دوران شہریوں کی بہترین ممکنہ مدد کیلئے پرعزم ہے۔