عازمین حج کی خدمت کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے، سردار یوسف

عازمین حج کی خدمت کیلئے تمام وسائل استعمال کرینگے، سردار یوسف

مکہ مکرمہ(دنیا نیوز)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے مکہ مکرمہ کے علاقے بطحا قریش میں واقع سیکٹر 10 کا اچانک دورہ کیا تاکہ حج 2025ء کیلئے پاکستانی عازمین حج کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔

سردار یوسف نے خوراک کی فراہمی، رہائش کی سہولیات اور عمارتوں میں قائم ڈسپنسریوں کی کارکردگی کا تفصیلی معائنہ کیا۔سیکٹر 10کے کوآرڈی نیٹر زبیر نیازی نے وزیر مذہبی امور کو بریفنگ دی، جس میں خوراک کے معیار، صفائی کے انتظامات، شکایات کے فوری ازالے کے نظام اور رہائش کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا پاکستانی عازمین کی خدمت ہمارا اولین فریضہ ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ یہ دورہ وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اس وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد حج 2025ء کو ایک منظم، باوقار اور آسان تجربہ بنانا ہے۔ وزارت کی جانب سے آئندہ دنوں میں دیگر سیکٹرز کے بھی دورے متوقع ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں