دنیا کی ہم پر نظریں، پولیو کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہے : وزیر صحت

دنیا کی ہم پر نظریں، پولیو کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہے : وزیر صحت

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال کی زیر صدارت انسداد پولیو جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر حالیہ قومی پولیو مہم کا جامع اور تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

وفاقی وزیر صحت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے اور والدین کو خود پولیو ورکرز کو ڈھونڈ کر اپنے بچوں کی حفاظت یقینی بنانی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ کینسر کا علاج ممکن ہے، لیکن پولیو اب بھی لاعلاج بیماری ہے، ہمیں اپنی پالیسی میں خاطرخواہ تبدیلی لانی ہوگی اور معاشرے کے تمام طبقات کو اس مہم کا حصہ بنانا ناگزیر ہے۔ مصطفٰی کمال نے کہا کہ دنیا کی نظریں ہم پر ہیں، اور ہمیں اس بیماری کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہوگا۔ دنیا میں اب صرف دو ممالک باقی ہیں جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔ انہوں نے افغانستان میں جاری وسیع پیمانے پر پولیو مہمات کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ہم دونوں ممالک ایک ہی وقت میں پولیو سے پاک ممالک بن جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اگر فلسطین جنگ کی حالت میں ہونے کے باوجود پولیو سے پاک ہے تو ہم کس چیز کا انتظار کر رہے ہیں؟

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں