امتحانات کے نظام میں اصلاحات لائی جا ئیں، وفاقی سیکرٹری تعلیم

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)وفاقی سیکرٹری تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ندیم محبوب نے منگل کو انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC) سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں کمیشن کے عملی ڈھانچے، کلیدی افعال اور حالیہ اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی سیکرٹری نے خدمات کی فراہمی کو جدید اور طلبا کے لیے آسان و قابلِ رسائی بنانے کی کوششوں کو سراہا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ادارے کے عملی نظام پر روشنی ڈالتے ہوئے توثیق اور مساوات کے زیر التوا کیسز، سالانہ ایکوئیولینس کی درخواستوں کی تعداد، شکایات کے نظام، عوامی سہولت مرکز اور آن لائن سسٹم جیسے اہم پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ سیکرٹری نے تمام انتظامات کا بغور جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ طلبا کی سہولت کو تمام اصلاحات کے مرکز میں رکھا جائے ۔ انہوں نے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مزید روابط استوار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا امتحانات اور جانچ کے نظام میں اصلاحات لائی جا ئیں ۔ انہوں نے اس ضمن میں چیئرمین فورم کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے وزارت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور آئی بی سی سی پر زور دیا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم کو قومی تعلیمی ترقی کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کرے۔