بقایاجات کی وصولی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے ، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔۔۔
ممبر فنانس نے اجلاس کو سی ڈی اے کی فنانشل پوزیشن کے بارے میں بریفنگ دی ، چیئرمین نے سی ڈی اے کی فنانشل پوزیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ریکوری کو ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے بقایاجات کی وصولی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا جن لوگوں کے ذمہ سی ڈی اے کے مختلف شعبوں کے واجبات بقایا ہیں ان کو فوری طور پر اپنے بقایاجات سی ڈی اے کو جمع کروانے کے لیے کہا جائے بصورت دیگر سی ڈی اے کے نادہندگان کی پراپرٹیز پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ انکی پراپرٹیز کی الاٹمنٹ بھی منسوخ کردی جائے ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر ای بارہ کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ، سیکٹر ای بارہ اور سیکٹر سی پندرہ میں تجاوزات کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا ئے ،سیکٹر ای بارہ اور سی پندرہ کی اراضی کو جلد از جلد واگزار کروایا جائے ۔ سیکٹر سی سولہ کی تمام اراضی کلیئر کروا کر زمین کے ایوارڈ کے عمل کو جلد مکمل کیا جا ئے ،کیپٹل فوڈ سٹریٹ اور بلیو ایریا فوڈ سٹریٹ پر تعمیراتی کاموں کا جلد از جلد آغاز کیا جا ئے ، اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون سمیت تمام قبرستانوں کی دیکھ بھال ،سڑکوں کی تعمیر و مرمت ، جدید لائٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے ۔ تمام قبرستانوں کے اطراف باؤنڈری وال کی تعمیر ومرمت اور پینٹ کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے ۔ قبرستانوں کی مناسب صفائی اور درختوں کی دیکھ بھال کیلئے مستقل بنیادوں پر انوائرمنٹ کے عملے کی تعیناتی کی جا ئے ، تدفین کیلئے بسوں کی فراہمی سمیت معلومات کی فراہمی کے لیے شہریوں کیلئے 24/7 ہیلپ لائن بنائی جائے ۔ نئے قبرستان کیلئے موزوں ترین جگہ کا انتخاب کیا جائے ۔