اوور سیز کشمیری مسئلہ کشمیر اجا گرکریں، صدر آزادکشمیر
مظفرآباد (بیورو رپورٹ) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ اوور سیز کشمیری مسئلہ کشمیر بھر پور انداز میں اجاگر کریں۔
بالخصوص یورپ میں آباد کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کیلئے کردار ادا کرنا چا ہئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے تو ہمیں اس پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیے، جب بھی مسئلہ کشمیر پر مذاکرات ہوں تو کشمیری عوام کو بھی مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا جامع اور پائیدار حل نکالا جاسکے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کر کے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔ ایسی صورتحال میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر نے کشمیر پیس فورم انٹرنیشنل یورپ کے صدر زاہد ہاشمی سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے کہا عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔