پاکستان، افغانستان میں اعتماد کی بحالی ناگزیر ہے، سابق سفرا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد کی بحالی دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط و مستحکم اور پائیدار بنیادوں پر استوار کر نے کیلئے ضروری ہے۔ اعتماد بڑھانے کیلئے طویل المدتی، عوامی، مربوط اور یکساں فریم ورک پر مشتمل اقدامات اٹھانا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار سابق سفیروں، سکالرز اور محققین نے آئی پی ایس اسلام آباد میں ایک مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی پی ایس کے چیئرمین خالد رحمان، وائس چیئرمین سید ابرار حسین، اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کی ڈائریکٹر امینہ خان، سابق سفیر ایاز وزیر، دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) سید نذیر، سابق سفیر نصراللہ خان، بریگیڈیئر (ر) خورشید خان، طاہر خان، محقق ڈاکٹر لطف الرحمن، بریگیڈیئر (ر) طغرل یامین، ڈاکٹر اظہر احمد، امان اللہ خان، شہریار خان اور پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ سلیمان نے کہا کہ بنیادی تناؤ دونوں ممالک کے تعلقات پر دبا ڈال رہا ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو سیاسی عزم اور عملی سفارت کاری کی بنیاد پر دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے آزاد میڈیا، مضبوط عوامی سفارت کاری اور افغانستان میں پاکستانی مشنز کے فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔