13جولائی کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی،مشال ملک
اسلام آباد (اے پی پی) کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک نے 13جولائی 1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج طلوع ہوتا دیکھیں گے۔
یوم شہدا کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے 13جولائی 1931کے ہیروز کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 13جولائی 1931کے 22شہدا نے اپنے لہو سے مزاحمت کا وہ شعلہ روشن کیا جو آج بھی کشمیری عوام کے دلوں میں جلتا ہے، اپنی مٹی کے ان 22بہادر بیٹوں نے براہ راست ڈوگرہ سپاہیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دنیا کو دکھایا کہ سچائی کیلئے کھڑے ہونے کا اصل مطلب کیا ہے۔ انہوں نے بغیر کسی خوف کے گولیوں کی بارش کا سامنا کیا اور اپنے خون کے ہر قطرے کے ساتھ تاریخ کے اوراق پر آزادی کا پیغام لکھ دیا۔