پی آئی ای نے این ای ایف شماریاتی رپورٹ جاری کر دی

پی آئی ای نے این ای ایف شماریاتی رپورٹ جاری کر دی

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن (پی آئی ای) نے نیشنل نان فارمل ایجوکیشن (این ای ایف) شماریاتی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ملک بھر میں غیر رسمی تعلیمی مراکز کی تعداد 35,427تک پہنچ گئی ہے۔

 جہاں 12لاکھ 90ہزار سے زائد طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سال 2023-24میں غیر رسمی تعلیمی مراکز میں طلبہ کے اندراج میں 20فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ طلبہ میں 57فیصد حصہ لڑکیوں کا ہے جو صنفی توازن کی جانب ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ 82فیصد اساتذہ خواتین پر مشتمل ہیں، جو تعلیمی نظام میں خواتین کی شمولیت کی عکاسی کرتا ہے۔ بالغوں کیلئے قائم 3,382مراکز میں 80,093افراد تعلیم حاصل کر رہے ہیں، افغان پناہ گزینوں سمیت 10,181بچوں کو غیر رسمی تعلیمی پروگراموں میں شامل کیا گیا ہے۔ خواتین کی خواندگی کی شرح مردوں کے مقابلے میں بہت کم ہے، خاص طور پر دیہی بلوچستان میں جہاں صرف 31فیصد خواتین خواندہ ہیں۔ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان انسانی ترقی کے اشاریے میں 193ممالک میں 164ویں اور انسانی سرما یہ کے اشاریے میں 173میں سے 144ویں نمبر پر ہے جس کی ایک بڑی وجہ تعلیم میں کمی ہے۔ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ اے ایل پی پروگرامز کو وسعت دی جائے، خاص طور پر ’’مڈل ٹیک‘‘ ماڈل کو فروغ دیا جائے، بالغ خواندگی پروگراموں میں سرمایہ کاری بڑھائی جائے اور ’’آر پی ایل‘‘ جیسے جدید طریقے اپنائے جائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں