صحت مند معاشرے کیلئے موٹاپے کا علاج ضروری، ماہرین
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) صحت مند معاشرے کیلئے موٹاپے کا علاج ضروری ہے، صحت مند غذا کا استعمال اور باقاعدہ ورزش کرنا پاکستان کی آبادی کے ایک بڑے طبقے کو ذیابیطس، بلڈ پریشر، دل اور گردوں کے امراض سے بچا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ماہرین نے گزشتہ روز آگاہی ورکشاپ کے دوران کیا۔ میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ نے ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا۔ مقررین نے کہا پاکستان کی آبادی کیلئے موٹاپا ایک سنگین مسئلہ ہے، ورلڈ اوبیسٹی فیڈریشن کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں زائد الوزن اور موٹاپے کے شکار افراد کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ 2030تک پاکستان کے 54لاکھ سکول جانے والے بچے موٹاپے کا شکار ہو جائیں گے۔ پر وفیسر بلال بن یونس نے کہا موٹاپے کی روک تھام اور اس پر قابو پانا ایک صحت مند معاشرے کی تعمیر کیلئے نہایت ضروری ہے۔ ڈاکٹر عائلہ خان ، عامر نوید نے موٹاپے سے آگاہی اور اس کے علاج سے متعلق میکٹر کا ویژن پیش کیا، انہوں نے کہا جب تک درست تشخیص نہ ہو مریض کا مؤثر علاج ممکن نہیں۔