ستھرا پنجاب پروگرام کامیاب ماڈل بن چکا،عاصم محمود
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) انسپکشن و مانیٹرنگ یونٹ پنجاب کے انچارج عاصم محمود نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام آج پورے صوبے میں صفائی ستھرائی اور عوامی سہولیات کے حوالے سے ایک نمایاں اور کامیاب ماڈل بن چکا ہے۔
گزشتہ روز انسپکشن و مانیٹرنگ یونٹ پنجاب کے زیر اہتمام صوبے کے 41اضلاع کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میں اپنے تمام ضلعی ممبران اور فیلڈ ٹیمز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہر چیلنج کو خوش اسلوبی سے نبھایا اور عوام کو ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف کچرا اٹھانا نہیں بلکہ عوام میں صفائی کا شعور بھی اجاگر کرنا ہے۔