کچہری چوک فلائی اوور منصوبہ ،متاثرین کو معاوضہ ملے گا،کمشنر
متاثر ہونے والے چیمبرز اور دکانوں کو لاس آف بزنس بھی دیا جائے گا
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کچہری چوک فلائی اوور منصوبے کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے دوران متاثرہ ہر شخص کو حکومت کی جانب سے معاوضہ ملے گا۔ اسکے ساتھ ساتھ ان کی بھرپور کوشش ہے کہ کچہری میں متاثر ہونے والے چیمبرز اور دکانوں کو لاس آف بزنس بھی دیا جائے۔ اجلاس کے دوران وکلا نے اپنے خدشات اور تجاویز پیش کیں جن میں دورانِ تعمیر عدالتوں تک رسائی اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے اقدامات شامل تھے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سعد الرحمان نے ٹریفک کی روانگی کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے پروپوزل پیش کیا۔ کمشنر نے کہا کہ کچہری چوک فلائی اوور منصوبہ عوام کے تعاون سے مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا تاکہ راولپنڈی شہر میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔