لوک میلہ ختم ،مشترکہ ثقافتی شو نے شرکا کے دل جیت لئے
ایوارڈ تقریب نے فنکاروں اور دستکاروں کے چہروں پر خوشی اور فخر بکھیر دیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) لوک ورثہ و قومی ثقافت ڈویژن کے زیرانتظام دس روزہ لوک میلہ اتوار کو اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ یہ میلہ صرف ایک تہوار نہیں بلکہ پاکستان کی تہذیبی پہچان کا جشن ہے۔ دن کا سب سے اہم لمحہ تمام صوبوں کے مشترکہ ثقافتی شو کا تھا، جہاں ملک بھر کے فنکاروں نے اپنے منفرد فن کا اظہار کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔ ایوارڈ تقریب نے فنکاروں اور دستکاروں کے چہروں پر خوشی اور فخر بکھیر دیا۔ نوجوان فنکاروں سے لے کر بزرگ ہنرمندوں تک سب کو ان کی خدمات، فن اور جدوجہد کے اعتراف میں سراہا گیا۔ آخری روز ملک بھر سے آئے ہوئے ہزاروں شائقینِ ثقافت، خاندانوں، طلبا، اور غیر ملکی مہمانوں کی بھرپور شرکت کے ساتھ منعقد ہوا۔ اختتامی تقریب کا مرکزی حصہ وہ عظیم الشان ثقافتی شو تھا جس میں تمام خطوں کے لوک ڈانس گروپس نے اٹن، لڈّی، دھمال، لیوا، ہو جمالو، شی hnائی پراسیشنز اور شینا/بلتی رقص پیش کیے۔