کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں وائس چانسلرز کا اجلاس
تعلیمی نظام، جامعات کے ماڈلز، معیشت و صنعت کے تعلقات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) کامسٹیک کے زیراہتمام کنسورشیم آف ایکسی لینس کی رکن و مبصر جامعات کا سالانہ اجلاس کامسٹیک سیکرٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں او آئی سی رکن اور مبصر ممالک کی ممتاز جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور سینئر حکام، ایران، صومالیہ، فلسطین، انڈونیشیا، ملائشیا، تھائی لینڈ، یوگنڈا، بنین، کیمرون، گیبون، آئیوری کوسٹ، سینیگال اور بنگلہ دیش سمیت 30بین الاقوامی مندوبین نے شرکت کی۔ کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک پروفیسر محمد اقبال چودھری نے مسلم دنیا کی جامعات کے درمیان مستقل تعلیمی روابط کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی ممالک کو درپیش بڑے ترقیاتی چیلنجز میں سے ایک ہنرمند افرادی قوت کی کمی ہے، جسے اعلیٰ تعلیم کے مضبوط نظام کے ذریعے پورا کرنا ناگزیر ہے۔ اجلاس میں تعلیمی نظام، کردار سازی، مستقبل کی جامعات کے ماڈلز اور معاشرے، معیشت اور صنعت کے باہمی تعلق جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔