پیرا فورس کمیٹی میں تاجروں کی نمائندگی یقینی بنائینگے، سلمیٰ بٹ
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ممبر صوبائی اسمبلی و چیئرپرسن سپیشل اسسٹنٹ ٹو وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا فورس کی کمیٹی میں تاجروں کی نمائندگی یقینی بنائی جائیگی۔
غیر ضروری جرمانوں اور تذلیل کو قبول نہیں کیا جائے گا، بدتمیزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو چکی ہے۔ ریٹ لسٹ اور کوالٹی کنٹرول کیلئے سخت چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔ اجلاس میں تاجروں نے شکایات پیش کیں کہ سوشل میڈیا پر تذلیل، بھاری جرمانے، آٹے اور میدے کی مہنگائی اور مختلف اداروں کی جانب سے پریشانی معمول بن چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پالیسی سازی میں تاجروں کو شامل کیا جائے۔ ایسوسی ایشن کے صدر محمد فاروق چودھری، چیئرمین ممتاز احمد، صدر انجمن تاجران شاہد غفور پراچہ اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔