راولپنڈی کو صفائی کے حوالہ سے مثالی شہر بنانا ترجیح،آر ڈبلیو ایم سی
شہرکو زیرو ویسٹ بنانے کیلئے کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں، سی ای او
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر نے کہا ہے کہ راولپنڈی کو صفائی ستھرائی کے حوالہ سے مثالی شہر بنانا اولین ترجیح ہے۔ سخت سرد موسم، شدید دھند اور اتوار کی سرکاری تعطیل کے باوجود آر ڈبلیو ایم سی کے ورکرز پوری لگن، جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ فیلڈ میں متحرک رہے اور شہر بھر میں ہر قسم کی صفائی کو یقینی بنایا۔ راولپنڈی کو صاف، صحت مند اور زیرو ویسٹ شہر بنانے کیلئے کسی قسم کی رکاوٹ قابلِ قبول نہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کی تمام 22تحصیلوں میں اتوار کی چھٹی کے روز بھی صفائی ورکرز نے بھرپور انداز میں خدمات انجام دیں۔ خصوصی ٹیموں نے علی الصبح صفائی آپریشن کا آغاز کیا جس کے دوران گلی محلوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں سے کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا۔