راجہ بازار میں تعمیراتی کام سست، تاجر وں کی مشکلات میں اضافہ
رمضان المبارک سے پہلے منصوبہ کو مکمل کیا جائے، ایگزیکٹو ممبر آر سی سی آئی
راولپنڈی (خبرنگار) راجہ بازار میں تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہونے سے تاجروں کی مشکلات میں اضا فہ ہو گیا۔ جابجا گڑھوں اور دھول مٹی کی وجہ سے لوگوں نے آنا چھوڑ دیا، رمضان المبارک سے پہلے اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو ممبر نوید کنول نے تاجر نمائندوں کے وفد سے ایک ملاقات میں کیا۔ تاجر نمائندوں نے بتایا کہ راجہ بازار میں تعمیرات کا کا م انتہائی سست روی کا شکار ہے جس سے ملحقہ بازاروں اور منڈیوں میں آنے والے خریداروں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ اندورن شہر ٹریفک ہر وقت جام رہتی ہے جبکہ ٹریفک اہلکار کہیں نظر نہیں آتے، پیدل چلنا بھی محال ہو چکا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ راجہ بازار اور دیگر بازاروں میں ہونے والی کھدائیوں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔