راولپنڈی و چکلالہ کینٹ سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانیکا مطالبہ
غیر قانونی پارکنگ، ریڑھیوں ،ٹھیلوں کے باعث ٹریفک جا م رہنا معمول بن چکا ڈی جی ملٹری لینڈ ،سٹیشن کمانڈر اور ایگزیکٹو آفیسرفوری نوٹس لیں ، شہریوں کی اپیل
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ کی سڑکوں سے ریڑھیوں سمیت دیگر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ جابجا تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول جبکہ شہریوں کا گزرنا بھی محال ہو چکا ہے، ان غیر قانونی ریڑھیوں و ٹھیلوں کے باعث عوام نہایت مشکلات کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق ممبر کینٹ بورڈ وارڈ پانچ حاجی ظفر اقبال اور دیگر شہریوں نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ چونگی نمبر بائیس، ٹینچ روڈ، دھمیال روڈ، کلمہ چوک تا ڈھیری و ڈھوک سیداں روڈ سمیت کینٹ بھر کی سڑکوں پر ریڑھیوں کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے سڑکیں سکڑ گئی ہیں اور ٹریفک جام رہتی ہے جبکہ لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی عام ہو گئے ہیں۔ ڈی جی ملٹری لینڈ ،سٹیشن کمانڈر اور ایگزیکٹو آفیسر سے اپیل ہے کہ فوری نوٹس لے کر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں تا کہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے۔