مری میں واسا دفتر کا افتتاح ،موبائل واٹر وین متعارف

 مری میں واسا دفتر کا افتتاح ،موبائل واٹر وین متعارف

صوبائی وزیر ہائوسنگ بلال یاسین نے افتتاح کیا ،ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ

 مری ،راولپنڈی (  نمائندہ دنیا،خصوصی نامہ نگار )وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت مری میں شہریوں اور سیاحوں کو معیاری بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب نے مری میں واسا کے باقاعدہ قیام اور سیاحوں کو فری آف کاسٹ صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے موبائل واٹر وین متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے ۔یہ اعلان وزیر برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب بلال یاسین نے مری کے دورے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام اور سیاحوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے ۔ مری جیسے اہم سیاحتی مقام پر صاف پینے کے پانی اور نکاسی آب کے مؤثر نظام کا قیام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر واسا مری آفس کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔ وزیر کو پی ایچ اے مری اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے مری میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی۔ افسران نے مختلف منصوبوں کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا ۔ ادھرصوبائی وزیر ہاؤسنگ نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی دفتر کا دورہ کیا،ڈی جی کنزہ مرتضیٰ نے صوبائی وزیر کو ادارے کے جاری منصوبوں اور آئندہ ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران آر ڈی اے کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی جن میں راولپنڈی رنگ روڈ، مری روڈ کی توسیع، ڈبل روڈ کے اختتام پر انڈر پاس کی تعمیر اور شہر میں چار جدید پارکنگ پلازوں کی تعمیر شامل ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں