پوائنٹ آف سیلز ڈیوائس کیخلاف احتجاج جاری رہے گا،تاجر
کرپشن کا بازار لگ چکا ہے،حکومت نام کی کوئی چیز نہیں،اجمل بلوچ و دیگر
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، سیکرٹری خالد چوہدری اور دیگر تاجر رہنماؤں نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پوائنٹ آف سیلز ڈیوائس کی تنصیب کے خلاف احتجاج جاری رہے گا،کسی بھی مارکیٹ میں پی او ایس لگانے کی کوشش کی بھر پور مزاحمت کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت کو نئے قوانین کی تجربہ گاہ بنا دیا گیا ہے، پی او ایس سوائے کرپشن کے کچھ بھی نہیں، پی او ایس کے نفاد سے کرپشن کا بازار لگ چکا ہے۔
جڑواں شہر راولپنڈی ایک بزنس سٹی ہے ، اجمل بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، اتنی کرپشن پچھلے 30سالوں سے نہیں دیکھی۔ احتجاجی تحریک اور 20جنوری کے احتجاج کے سلسلے میں ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کا اجلاس آج 2بجے جناح سپر مارکیٹ کے صدر اسد عزیز اور جنرل سیکرٹری عبدالرحمن صدیقی کی میزبانی میں جناح سپر مارکیٹ میں ہوگا۔