مسلح ڈاکوئوں کی پولیس پر فائرنگ ،اہلکار بال بال بچا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)تھانہ گولڑہ کی حدود میں پولیس ناکے پر مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اہلکار بال بال بچا، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار، دو فرار ہو گئے۔ تھانہ گولڑہ کی حدود میں چورا سٹاپ پر رات گئے پولیس چیکنگ کے دوران تین مسلح نوجوان موٹر سائیکل پر تیزی سے آئے۔۔۔
جنہوں نے پولیس کی جانب سے روکنے کے اشارے پر فائرنگ شروع کر دی، ایک گولی اہلکار راشد محمود کے سینے پر لگی مگر بلٹ پروف جیکٹ نے جان بچا لی، جبکہ دوسرے اہلکار کھائی کی آڑ لے کر بچ نکلے ۔فائرنگ کے جواب میں ملزمان بھاگنے لگے تو ایک اپنے ساتھیوں کی گولی سے زخمی ہو کر گر پڑا، جسے پولیس نے فوراً پکڑ لیا۔ گرفتار ملزم عبدالاحد،رہائشی بیکڑ فتح بخش چورا سٹاپ دھریک موہری گولڑہ شریف ہے ، جبکہ مستقل پتہ افغانستان کے شمش قندوس بتایا گیا۔ تفتیش میں پتہ چلا کہ وہ 16 سے زیادہ ڈکیتیوں کا مرکزی کردار رہا اور پہلے بھی چالان ہو چکا ہے ۔