سٹی بیوٹیفیکیشن منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم

سٹی بیوٹیفیکیشن منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم

منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہر کا حسن بڑھے گا کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا ،معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر ،کام کا معائنہ،بریفنگ دی گئی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور خصوصی انیشیٹو کے تحت سرگودھا میں سٹی بیوٹیفکیشن کے مختلف ترقیاتی منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ ان منصوبوں میں سب سے اہم اور بڑا پراجیکٹ سٹی روڈ اور کچہری بازار کی بیوٹیفکیشن ہے ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چو دھری نے سٹی بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری کاموں کا موقع پر جا کر تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں متعلقہ افسران کی جانب سے پراجیکٹ کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سٹی روڈ پر بجلی کی تمام تنصیبات کو زیر زمین منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا گیا کہ فٹ پاتھ کی تعمیر و بہتری کے ساتھ ساتھ دکانوں کے سامنے خوبصورت بیوٹیفکیشن والز تعمیر کی جا رہی ہیں، جن پر یکساں ڈیزائن کے سائن بورڈز نصب کیے جائیں گے ۔ اس اقدام کا مقصد شہر کی مجموعی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے ایک منظم اور جدید شہری ماحول فراہم کرنا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انیشیٹو کے تحت سرگودہا میں بیوٹیفکیشن کے منصوبے عوامی فلاح کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف شہر کا حسن بڑھے گا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا اور شہریوں کو ایک بہتر شہری ماحول میسر آئے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر کام کی نگرانی کی جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق سرگودھا کو ایک خوبصورت اور ماڈل شہر بنایا جا سکے ،

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں