مشرقِ وسطیٰ میں امن کی صورتحال خطرناک ہو گئی ، سردار مسعود
امریکا ایران جنگ کے نتیجے میں پاکستان کو سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے بھارت انتشار سے فائدہ اٹھا ئیگا ، پناہ گزینوں کی آمد سے مسائل بڑھیں گے ،سابق سفیر
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے سابق صدر اور امریکا ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر مسعود خان نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ امن و استحکام کی صورتحال ایک انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ، ابراہم لنکن طیارہ بردار بحری بیڑے سمیت متعدد تباہ کن جہازوں، ٹام ہاک میزائل اور ایف35طیاروں سمیت بحری اور فضائی قوت کی خطے میں غیر معمولی تعیناتی اس بات کا اشارہ دے ر ہی ہے کہ صورتحال کسی بھی وقت قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ایران کے خلاف کسی بھی جنگ کے اثرات محدود نہیں رہیں گے ،خطے میں کسی بڑی جنگ کے نتیجے میں پاکستان کو سنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، جنگ کی صورت میں پاکستان کے لئے توانائی کی ترسیل میں رکاوٹ، پناہ گزینوں کی آمد اور دشمن غیر ریاستی عناصر کی سرگرمیوں میں اضافہ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جبکہ بھارت کسی بھی علاقائی انتشار سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے، اسے پاکستان کے اندرونی معاملات میں بھارتی مداخلت کے ساتھ جوڑنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔