پاکستان اور قازقستان کے مابین تعلیم کے 8معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور قازقستان کے مابین تعلیم کے 8معاہدوں پر دستخط

مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے ، مشترکہ تعلیمی پروگرامز میں تعاون کا عزم

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے جمہوریہ قازقستان کے 25 رکنی وفد کی میزبانی کی، جس کی قیادت جمہوریہ قازقستان کے وزیر برائے سائنس و اعلیٰ تعلیم سایاسات نوربیک کر رہے تھے ۔ وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے وفد کا خیرمقدم کیا ۔دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعلیم کے میدان میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ تھاجس کے تحت آٹھ مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے گیے ۔وفاقی وزیر کی زیر صدارت دوطرفہ اجلاس ہوا، جس میں وزارت تعلیم، ہائرایجوکیشن کمیشن ، وزارتِ خارجہ، پاکستانی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ تعاون کے فریم ورک کا جائزہ لیا گیا اور اعلیٰ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، طبی تعلیم، تحقیق، جدت (انوویشن) اور تعلیمی تبادلوں میں نئے اشتراک کے مواقع تلاش کیے گئے ۔ دونوں جانب سے ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور تعلیم کے ذریعے عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔دورے کے اہم نتائج میں پاکستانی اور قازق اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان آٹھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط شامل ہیں۔ مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے ، مشترکہ تعلیمی پروگرامز، اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کو فروغ دینا ہے ۔ پاکستان اور قازقستان نے اپنی دوطرفہ شراکت داری میں تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کو ایک بنیادی ستون کے طور پر آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں