اسلام آباد ،ایم ٹیگ کے بغیر گاڑیوں کیخلاف کارروائیاں جاری
2لاکھ 650گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری ،19مقامات پر سہولت فراہم کر دی ،ڈی جی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں ایم ٹیگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے جامع کارروائی جاری ہے۔ محکمہ ایکسائز کے ڈائریکٹر جنرل عرفان میمن کے مطابق دارالحکومت میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 650 گاڑیوں کو ایم ٹیگ جاری کیے جا چکے ہیں ،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1 ہزار 786 نئے ایم ٹیگ جاری کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے شہر بھر میں 19 مقامات پر گاڑیوں کے لیے ایم ٹیگ کا اجراء جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید ایم ٹیگ سینٹرز قائم کیے جائیں گے۔
26 نمبر چونگی اور سترہ میل ٹول پلازہ پر سہولتیں 24 گھنٹے فراہم کی جا رہی ہیں۔ کچنار پارک اور ایف نائن پارک میں قائم کاؤنٹرز پر رات 12 بجے تک خدمات دستیاب ہیں۔دوسری جانب محکمہ کی جانب سے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ جات قائم کر کے بغیر ایم ٹیگ گاڑیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے ۔ ایم ٹیگ نہ ہونے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔