راولپنڈی ،ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ،سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
مذہبی اجتماعات کے دوران امن، مذہبی رواداری کا فروغ ہماری ذمہ داری ہےرمضان المبار ک میں اشیائے صرف کی قیمتوں پر نظر رکھی جائے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)شبِ برات اور رمضان المبارک کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ہوا ،صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر حسان طارق نے کی۔اجلاس میں علماء کرام، امن کمیٹی ممبران، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شبِ برات اور رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر عبادت گاہوں میں سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شبِ برات کے موقع پر پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر سخت نگرانی، پرائس کنٹرول، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔