پولیو کے خاتمہ کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا ، صوبائی وزیر صحت
انسداد پولیو مہم میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ،راولپنڈی کے دورہ پر گفتگو
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے انسداد پولیو مہم کے حوالے سے راولپنڈی کا دورہ کیا، کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔صوبائی وزیر صحت نے فوجی کالونی راولپنڈی میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ہر پولیو مہم میں لازمی قطرے پلوائیں تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ٹیم ورک، والدین کا تعاون اور سخت نگرانی انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسداد پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے گی۔