ایبٹ آباد ،مہنگائی کیخلاف مظاہرہ، موٹر سائیکلیں سڑک پر پھینک دیں
مہنگائی نامنظور، عوام کو ریلیف دواورظالمانہ پالیسیوں کا خاتمہ کروکے نعرے
ایبٹ آباد ( نمائندہ دنیا ) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایبٹ آباد کے زیرِ اہتمام بڑھتی ہوئی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور عوامی مسائل کے خلاف میزائل چوک ایبٹ آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اپنی موٹر سائیکلیں سڑک پر پھینک دیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ ایبٹ آباد حافظ امجد اسلام امجد، محمد عبداللہ، ترجمان نظریاتی پارٹی خیبرپختونخوا مرتضیٰ اعوان، اعجاز احمد، ثوبان اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مہنگائی کے مسلسل طوفان نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں جبکہ روز بروز بڑھتی مہنگائی نے شہریوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔ مظاہرے کے شرکاء نے \"مہنگائی نامنظور\"، \"عوام کو ریلیف دو\" اور \"ظالمانہ پالیسیوں کا خاتمہ کرو\" کے نعرے بھی لگائے ۔