گیس لیکج کے دوران آگ بھڑکنے سے 3افراد جھلس کر زخمی
واقعہ محلہ حکم داد میں پیش آیا ،زخمیوں کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا گیا
راولپنڈی (اے پی پی) راولپنڈی کے محلہ حکم داد، سٹریٹ نمبر 15 میں مبینہ گیس لیکج کے دوران آگ بھڑک اٹھنے سے تین افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ گیس کے اخراج کے دوران آگ جلانے کی وجہ سے پیش آیا۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایک ایمبولینس اور ایک موٹر بائیک ریسکیو سروس سمیت دو ایمرجنسی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں اور تمام متاثرین کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ۔ زخمیوں کی شناخت اور واقعے کی مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔