چائنا کریک پر مینگرووز اور بایو ڈائیورسٹی پارک و لرننگ سینٹر بنانے کافیصلہ
پارک کی تعمیر محض ماحولیاتی منصوبہ نہیں،مستقبل میں طویل المدتی سرمایہ کاری ہے ،مرتضیٰ وہاب
کراچی (این این آئی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی چائنا کریک میں مینگرووز اینڈ بایو ڈائیورسٹی پارک اینڈ لرننگ سینٹر قائم کرے گی، جو ماحولیاتی پائیداری، ایکو ٹورازم کے فروغ اور کراچی کے لیے ایک سرسبز و پائیدار مستقبل کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا، یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار عوامی مقامات کے قیام کے حوالے سے کے ایم سی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ، یہ بات انہوں نے مینگرووز اینڈ بایوڈائیورسٹی پارک کے دورے کے دوران کہی، اس موقع پر مشیر مالیات بلدیہ عظمیٰ کراچی گلزار ابڑو سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
میئر نے کہا کہ مینگرووز اینڈ بایو ڈائیورسٹی پارک کی تعمیر محض ایک ماحولیاتی منصوبہ نہیں بلکہ کراچی کے مستقبل میں ایک طویل المدتی سرمایہ کاری ہے ، کے ایم سی پاکستان کی ان اولین ضلعی حکومتوں میں شامل ہے جو جامع گرین ایجنڈے پر عملی طور پر کام کر رہی ہے ، مینگرووز اینڈ بایو ڈائیورسٹی پارک اینڈ لرننگ سینٹر شہریوں، طلبہ، محققین، ماہرین ماحولیات اور سیاحوں کے لیے ایک منفرد مرکز کی حیثیت اختیار کرے گا۔میئر کراچی نے معروف ماہر ماحولیات طارق الیگزینڈر قیصر کی رہنمائی، مہارت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔