انٹر امتحانات ،7طالبات نقل کرتے پکڑی گئیں،کیس فائل

 انٹر امتحانات ،7طالبات نقل کرتے پکڑی گئیں،کیس فائل

ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب کا کنٹرولر امتحانات کے ہمراہ دورے ،انتظامات کا جائزہ

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)کمشنر راولپنڈی ڈویژن و چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی عامر خٹک کی قیادت میں بورڈ انتظامیہ نے امتحانی شفافیت، احتساب اور نظم و ضبط کے فروغ کیلئے جامع اقدامات اختیار کیے ہیں۔ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے امتحانی مراکز کی براہِ راست نگرانی، آن لائن مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل سرویلنس کے مؤثر نظام کے تحت امتحانی سرگرمیوں کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ نقل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے ۔

ڈاکٹر صائمہ انور ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومتِ پنجاب نے کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے ہمراہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وومن خیابانِ سرسید اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز خیابانِ سرسید کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی انتظامات، سکیورٹی اقدامات، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغراعوان کے مطابق امتحانی مرکز گورنمنٹ ایسو سی ایٹ کالج فاروویمن خیابانِ سرسید سے سات اُمیدوار نقل کرتی ہوئی پکڑی گئیں۔ جن کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں