پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے متاثر ، برطانوی ہائی کمشنر

 پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے   متاثر ، برطانوی ہائی کمشنر

کلائمیٹ فنانس ایکسلریٹر پروگرام کیلئے پاکستان کی 11کاروباری کمپنیوں کا انتخاب

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) برطانیہ کے تعاون سے چلنے والے کلائمیٹ فنانس ایکسلریٹر (CFA) پاکستان پروگرام کے لیے 2026 کے بیچ میں پاکستان کی 11 کاروباری کمپنیوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے ۔ یہ پروگرام موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی کے لیے کام کرنے والے کاروباری اداروں کو سرمایہ کاری کے حصول اور اپنے منصوبوں کو وسعت دینے میں معاونت فراہم کرتا ہے ۔منتخب کاروباری اداروں کا انتخاب توانائی، ٹرانسپورٹ، ویسٹ مینجمنٹ اور سرکلر اکانومی، زراعت، تعمیرات اور مالی شمولیت جیسے شعبوں میں موسمیاتی اثرات پیدا کرنے اور پاکستان کی پائیدار ترقی میں کردار ادا کرنے کی صلاحیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان میں موسمیاتی لچک، سبز معیشت اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے برطانیہ کے وسیع تر تعاون کا حصہ ہے۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے ، تاہم یہاں موجود صلاحیت، تخلیقی سوچ اور جدت پسندی اسے موسمیاتی حل کی قیادت کرنے کے قابل بناتی ہے ۔ منتخب اداروں کو آئندہ پانچ ماہ تک مالیاتی، تکنیکی، صنفی مساوات، معذور افراد کی شمولیت اور دیگر متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی جانب سے انفرادی اور اجتماعی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ سرمایہ کاروں کے لیے مزید پر کشش بن سکیں۔ ان اداروں کو اکتوبر 2026 میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں اپنے منصوبے موسمیاتی سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کرنے کا موقع بھی دیا جائے گا، جہاں انہیں ممکنہ سرمایہ کاروں سے روابط استوار کرنے اور تکنیکی رہنمائی حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ کلائمیٹ فنانس ایکسلریٹر پاکستان نے 2022 میں آغاز کے بعد اب تک 22 منصوبوں کو تجارتی معاہدوں تک پہنچانے میں معاونت فراہم کی ہے اور تقریباً 4 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں